آ گئی فصلِ خزاں ہیں فصلِ گل جانے کے دن: احمد علی برقی اعظمی ۔۔ جناب امین جس پوری ناظم عالمی ادبی فورم صبا آداب کہتی ہے کی برقی نوازی




غزل
ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی
آ گئی فصلِ خزاں ہیں فصلِ گل جانے کے دن
غنچۂ اُمید کے آتے ہیں مُرجھانے کے دن
ہے شبِ فُرقت ابھی آئے گی کب صُبحِ اُمید
کتنے دلکش تھے وہ زُلفِ یار سُلجھانے کے دن
قدر و قیمت سے تھے جس کی آج تک نا آشنا
دیکھ کر اب آگئے ہیں اُس کو للچانے کے دن
جاتے جاتے کہہ گیاتھا آئے گا واپس ضرور
گِن رہا ہوں اُس کے اب میں لوٹ کر آنے کے دن
تھا بہت مسرور لیکن اب ہوں اُتنا ہی مُلول
جیسے جیسے آتے ہیں نزدیک تر جانے کے دن
آرہا ہے مُحتسب ہو خیر میخانے کی اب
ایسا لگتا ہے گئے اب جام و پیمانے کے دن
مُسکرا کر صُلح جوئی کا دیا اُس نے جواب
اب گئے برقیؔ سمجھنے اور سمجھانے کے دن


شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں