ہفت روزہ فیس بک ٹائمز کے ۳۹ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ طرحی مشاعرے کے لئے میری دوسری کاوش : احمد علی برقی اعظمی

ہفت روزہ فیس بک ٹائمز کے ۳۹ ویں عالمی آنلاین فی البدیہہ طرحی مشاعرے کے لئے میری دوسری کاوش
احمد علی برقی اعظمی
اپنا گرویدہ بنانے ماہِ رمضاں آگیا
نغمۂ وحدت سنانے ماہِ رمضاں آگیا
ایک ہی صف میں کھڑے ہیں مِل کے محمود و ایاز
دل سے دل سب کے مِلانے ماہِ رمضاں آگیا
مُژدۂ لاتقنطو مِن رحمتہ اللہ لے کے ساتھ
بگڑی  قسمت کو بنانے ماہِ رمضاں آگیا
دل تصور سے ہے جس کے اہلِ دل کا باغ باغ
خواب وہ لے کر سہانے ماہِ رمضاں آگیا
تشنگانِ معرفت جس کے لئے بیتاب تھے
وہ مئے عرفاں پِلانے ماہِ رمضاں آگیا
جس میں حاصل ہو سبھی کو باریابی کا شرف
خوانِ نعمت وہ سجانے ماہِ رمضاں آگیا
ہے یہ برقی اعظمی قُفلِ سعادت کی کلید
’’ کُھل گئے رب کے خزانے ماہِ رمضاں آگیا

شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں