بیاد یوم سر سید : احمد علی برقی اعظمی



بیادِ یوم سرسید
احمد علی برقی اعظمی
یاد رکھیں یومِ سرسید ہے آج
ہے دلوں پر اہل دل کے جن کا راج
آج ہی پیدا ہوا وہ عبقری
جس نے بدلا وقت کا اپنے مزاج
کرگئے پیدا وہ اک فکری نظام
ختم کرکے سارے فرسودہ رواج
عہد میں اپنے جہالت کے خلاف
تھی بلند اُن کی صدائے احتجاج
زندۂ جاوید ہیں اُن کے نقوش
کام ایسے کرگئے بے تخت و تاج
جن کے دل میں ملک و ملت کا ہے درد
ہیش کرتے ہیں انھیں اپنا خراج
قوم کے تھے وہ حقیقی رہنما
معترف ہے کام کا اُن کے سماج
عصرِ حاضر میں بھی برقی اعظمی
ہے ضرورت اُن کے ہوں سب ہم مزاج

شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں