سامنے اپنے آئینہ رکھنا : گلکاریاں انٹر نیشنل اردو ادبی فورم کے ۴۹ ویں آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے بنام ندا فاضلی کے لئے میری کاوش: احمد علی برقہ اعظمی



گلکاریاں انٹر نیشنل اردو ادبی فورم کے ۴۹ ویں آن لائن فی البدیہہ طرحی مشاعرے بنام ندا فاضلی کے لئے میری کاوش
احمد علی برقی اعظمی
بات ملحوظ یہ سدا رکھنا
ضوفشاں علم کا دیا رکھنا
ذہن اور فکر کے دریچوں کو
اپنے ہر حال میں کُھلا رکھنا
خود کو اس کارگاہِ عالم میں
علمِ حاضر سے آشنا رکھنا
مُنحصر ہے اسی پہ مستقبِل
اپنے ماضی سے واسطہ رکھنا
بھول جانا نہ عظمتِ رفتہ
بازیابی کا حوصلہ رکھنا
غرب حاوی نہ شرق پر ہو جائے
گوشِ شنوا کو اپنے وا رکھنا
رکھنا اپنا بھرم سدا قایم
عزتِ نفس کو بچا رکھنا
چار دن کی ہے چاندنی دنیا
آسماں سر پہ مت اُٹھا رکھنا
غنچہ دل خزاں کا ہو نہ شکار
اسے برقی ہرا بھرا رکھنا



شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں